گلبرگہ،14؍جون(ایس او نیوز)حکومت کرناٹک کی جانب سے کورونا لاک ڈاؤن میں 14جون سے دی گئی رعایت کے ساتھ ساتھ اسی دن شہر گلبرگہ اور سارے ضلع میں ایک گھنٹہ تک زبردست بارش ہوئی جس کے سبب گلبرگہ ضلع میں ہر سال محسوس کی جانے والی ریکارڈ گرمی سے عوام نے راحت محسوس کی اور بازاروں میں دوپہر 2 بجے تک خرید وفروخت کے لئے عوامی چہل پہل دیکھی گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں کوروناکے ٹیکے دینے کی سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف محلوں میں عوام کو کورونا کا ٹیکہ لینے کی ترغیب دلانے کے لئے موٹر گاڑیوں میں لاؤڈاسپیکر کے ذریعہ اعلانات کئے جارہے ہیں۔ کم تعلیم اور توہمات کے سبب ابھی بھی بہت سے لوگ کورونا کا ٹیکہ لینے میں پس و پیش کررہے ہیں۔
ادھر ریاستی وزیر اعلیٰ یڈیورپا نے آج ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا کے سبب مرنے والے افراد کے ایسے ورثاء یا خاندان جن کا شمار غربت کی سطح سے نیچے والے خاندانوں میں ہوتا ہے انھیں فی خاندان ایک لاکھ روپیوں کا معاوضہ ریاستی حکومت کی جانب سے دیا جائے گا۔ کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء یا خاندان کے افراد اگر موت کی سرٹیفکیٹ کے ساتھ اس خاندن کا غربت کی سطح سے نیچے ہونے کا بھی سرٹیفکیٹ BPL کارڈ یا Below poverty line Certificate پیش کرتے ہوں تو انھیں اولین ترجیح دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی بی پی ایل کارڈ ہولڈر خاندان کا اگر کوئی بالغ شخص کورونا کے سبب مرگیا ہو تو وہ خاندان ایک لاکھ روپئے حکومتی معاوضہ پانے کا اہل ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں اس طرح کے جو معاوضے ادا کئے جائیں گے اس کی مجموعی رقم 250کروڑ روپیوں سے 300کروڑ روپیوں تک ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے 25,000خاندانوں کی فہرست ہے جو اس معاوضہ کے اہل ہیں۔